Friday, 26 January, 2007, 22:48 GMT 03:48 PST
علی سلمان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان میں پراسرار طور پر لاپتہ ہو جانے والوں کے مقدمات لڑنے والے ایک وکیل سی ایم فاروق خود بھی مبینہ طور پر لاپتہ ہوگئے ہیں۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے محمد عمر نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ ان کے بھائی کو شاید اسلام آباد میں جمعہ کو ہونے والے بم دھماکے کی تفتیش کے سلسلے میں ’اٹھایا‘ گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیس سالہ سی ایم فاروق ہائی کورٹ کے قریب واقع چراغ بلڈنگ میں اپنے دفتر سے ایک ساتھی وکیل کے ہمراہ اس کی کار میں سوار گھر کے لیے روانہ تھے کہ راستے میں سِول سیکریٹریٹ کے قریب ایک ٹریفک سگنل پر گاڑی رکی تو ڈبل کیبن (فور بائی فور) گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے انہیں زبردستی اتارا، منہ پر کپڑا ڈالا اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے غائب ہو گئے۔
محمد عمر نے کہا کہ ان کے بھائی کے پکڑے جانے کی اطلاع ان کے اس ساتھی وکیل نے دی۔ ان کا کہنا تھا کہ فاروق کے ساتھی وکیل گھبرائے ہوئے تھے اور وہ اپنا نام ظاہر نہیں کرنا چاہتے تھے۔
محمد عمر بتاتے ہیں |
سی ایم فاروق پراسرار طور پر لاپتہ ہوجانے اور پھر بازیاب ہوجانے والے متعدد افراد کے مقدمات لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے وائس فار ہیومن اینڈ پرزنرز رائٹس کے نام سے ایک تنظیم بھی بنا رکھی ہے، جو لاپتہ ہونے والے افراد کی بازیابی کے لیے مہم چلارہی ہے۔
محمد عمر کے مطابق ان کے بھائی چھ برس کشمیر میں اور چار برس افغانستان میں رہے، جہاں وہ ان کے بقول پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے لیے کام کرتے تھے اور جہاد کے لیے جانے والے افراد کے معاملات کو ترتیب دیتے تھے۔
سی ایم فاروق کے چھوٹے بھائی نے کہا کہ انہیں آئی ایس آئی کے ایک کرنل سے اس بات پر اختلاف ہوا کہ بعض نوجوانوں کو بغیر کسی رابطہ کے کشمیر کیوں بھیجا جاتا ہے، جہاں ’لا وارث‘ ہوتے ہوئے وہ ہلاک ہو جاتے ہیں۔
محمد عمر نے کہا کہ اس اختلاف کے بعد وہ ایجنسیوں کو چھوڑ کر واپس آگئے اور پاکستان میں خفیہ ایجنسیوں کا شکار بننے والے افراد کے حق کے لیےقانونی جنگ لڑنے لگے۔ انہوں نے کہا ’میرے بھائی جن ایجنسیوں کے لیے کام کرتے تھے آج انہوں نے ہی انہیں پکڑ لیا ہے‘۔
خفیہ ایجنسی کے اہلکار آئے تھے |
ان کے بقول ان کی بھابھی نے بتایا ہے کہ سادہ پوش اہلکار کہتے تھے کہ پانچ عرب باشندوں نے ایک گاڑی میں بارود بھر کر وانا سے بھجوایا ہے اور وہ جاننا چاہتے ہیں ان کا ہدف کیا ہے۔
عمر کا کہنا تھا کہ انہیں یہ اطلاع بھی ملی ہے کہ فائرنگ کےدوران سی ایم فاروق زخمی ہوگئے تھے، تاہم یہ اطلاع غلط بھی ہوسکتی ہے۔