Wednesday, 24 January, 2007, 08:44 GMT 13:44 PST
اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان حکومت نے افغانستان کی سرحد پر واقع چوکی پر امریکی اتحادی افواج کی فائرنگ سے پاکستان کے ایک فوجی کی ہلاکت پر امریکہ کے سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے سخت احتجاج نوٹ کرایا ہے۔
بیان کے مطابق اسلام آباد میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر اور امریکی سفیر کو منگل کو علیحدہ علیحدہ بلا کر احتجاج نوٹ کرایا گیا۔ دونوں سفارتکاروں نے واقعہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس واقعہ کی ابھی تحقیقات ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ بائیس جنوری کی سہ پہر شمالی وزیرستان میں شوال کے نزدیک واقع ایک چوکی پر امریکہ اور اس کی اتحادی افواج نے فائرنگ کی تھی جس میں ایک پاکستانی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔
پاکستان کے فوجی ترجمان نے اُس واقعہ کی تفصیل جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ فائرنگ غلطی سے کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود بھی اتحادی افواج سے پاکستان نے سخت احتجاج کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔