Wednesday, 17 January, 2007, 17:31 GMT 22:31 PST
طالبان کے گرفتار ہونےوالے ترجمان ڈاکٹر حنیف نے افغان حکام کو بتایا ہے کہ طالبان رہنما ملا عمر آئی ایس آئی کی حفاظت میں پاکستانی شہر کوئٹہ میں ہیں۔
افغانستان کی خفیہ ایجنسی نے بدھ کے روز ڈاکٹر حنیف کے اعترافی بیان کی ویڈیو تقسیم کی ہے جس میں ایک کم روشنی والے کمرے میں بیٹھے ایک شخص کو یہ کہتے سنا گیا ہے کہ ملا عمر پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس کی سربراہی میں پاکستان شہر کوئٹہ میں ہیں۔
ڈاکٹر حنیف کو منگل کے روز افغانستان میں گرفتار کیا تھا۔ ڈاکٹر حنیف نے اپنے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ ملا عمر کو کوئٹہ میں محفوظ مقام پر رکھا گیا اور اور وہ آئی ایس آئی کی حفاظت میں ہیں۔
پاکستان فوج کے ترجمان میجر جنرل شوکت سلطان نےاس الزام کی تردید کی ہے کہ ملا عمر پاکستان شہر کوئٹہ میں موجود ہیں۔۔ بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے میجر جنرل شوکت سلطان نے کہا کہ ایسی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔
ڈاکٹر حنیف کا بیان ایک ویڈیو پر ریکارڈ کیا گیا اور نامہ نگاروں نے تصدیق کی گی یہ اس ویڈیو میں بولنے والے شخص کی آواز محمد حنیف ہی ہے۔
نامہ نگاروں نے محمد حنیف کی آواز کی تصدیق کی ہے لیکن یہ بیان کن حالات میں لیا گیا ہے اس کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہیں۔
ڈاکٹر حنیف نے کہا کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ریٹائرڈ) گل حمید طالبان کی حمایت کرتے ہیں۔