Sunday, 14 January, 2007, 14:59 GMT 19:59 PST
رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
صوبائی دارالحکومت پشاور میں سرحد اسمبلی کی عمارت کے سامنے محکمہ موسمیات کے دفتر کے ساتھ واقع فٹ پاتھ پر شاپنگ بیگ سے ٹائم بم برآمد ہوا ہے۔
تھانہ شرقی کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو پشاور کے حساس علاقے خیبر روڈ پر پیش آیا جہاں شہر کا واحد فائیو سٹار ہوٹل، پشاور ہائی کورٹ اور سرحد اسمبلی کی عمارتیں ہیں۔
پولیس کے مطابق بم ڈیڑھ کلو وزنی تھا اور اس کے ساتھ ٹائمر ڈیوائس بھی فٹ کی گئی تھی۔
تھانہ شرقی کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ پشاور ہائی کورٹ کے سکیورٹی سٹاف کومحمکہ موسمیات کے دفتر کے سامنے فٹ پاتھ پر ایک شاپنگ بیگ پڑا دکھائی دیا جب بیگ کا جائزہ لیا گیا تو اس میں دھماکہ خیز مواد بھرا ہوا تھا جس پر پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ کو اطلاع دی گئی۔ پولیس کے مطابق بم کو ناکارہ بنانے کےلئے پشاور سے باہر رنگ روڈ پر منتقل کیا گیا جہاں بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکاروں نے اسے ناکارہ بنادیا۔
پشاور میں گزشتہ چند مہینوں کے دوران کئی بم دھماکے ہوچکے ہیں جس میں ایک درجن کے قریب لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس سے قبل وزیراعلی سرحد کے دفتر کے سامنے پڑے کوڑے دان سے بھی دھماکہ خیز مواد برامد کیا گیا تھا جس کا الزام وفاقی حساس ادارے کے ایک اہلکار پر لگایا گیا تھا جبکہ کچھ عرصہ قبل ڈیفنس کے علاقے میں بھی ایک دھماکہ ہوا تھا جس میں ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔
صوبائی حکومت تاحال ان دھماکوں کا سراغ لگانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔