http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 09 January, 2007, 10:12 GMT 15:12 PST

ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

نوکری پر اصرار، بہن کا قتل

صوبہ سرحد کے ضلع مانسہرہ میں ایک شخص نے اپنی چھوٹی بہن کو دوسرے شہر میں نوکری نہ کرنے کا فیصلہ ماننے سے انکار پرگولیاں مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

مانسہرہ کے قریب پھلڑاں گاوں کے پولیس افسر لیاقت شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقع اتوار کو ہوا جب گل شہزاد نے ناہیدہ بی بی کو عید کی چھٹیوں کے بعد نوکری پر واپس راولپنڈی جانے سے منع کیا۔

بائیس سالہ ناہیدہ نے بھائی کی بات نہیں مانی اور بس اڈے کی طرف روانہ ہوگئی۔ مبینہ طور پر طیش میں آئے گل شہزاد نے بہن کا پیچھا کیا اور اسے راستے میں ہی تین گولیاں ماریں جس سے ناہیدہ موقع پر ہلاک ہوگئی۔

ناہیدہ کی والدہ ممتاز کے کہنے پر پولیس نے تھانہ پھلڑاں میں ملزم اور اس کے باپ کے خلاف رپورٹ درج کر دی ہے۔

ملزم کو ایک روز بعد پولیس نے پیر کوگرفتار کرلیا اور وہ اس وقت حوالات میں موجود ہے۔ تاہم والد کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

پولیس اہلکار لیاقت شاہ کا کہنا تھا کہ ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ اس کی بہن نہ صرف اس کی بلکہ اپنے باپ کی حکم عدولی بھی کر رہی تھی۔ ملزم گل شہزاد پھلوں کی فروخت کا کاروبار کرتا ہے۔

ناہیدہ کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ ان کی بیٹی راولپنڈی میں نوکری کے علاوہ تعلیم بھی حاصل کر رہی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ناہیدہ کی خواہش تھی کہ وہ پڑھ لکھ کر استانی بن جائے۔

پاکستان میں خاندان کے مرد ہی اکثر اہم فیصلے کرتے ہیں لیکن بعض اوقات ناہیدہ جیسی عورتوں کی بغاوت کی کوشش کو سرکشی اور خاندانی عزت کا مسئلہ قرار دے کر انہیں قتل کر دیا جاتا ہے۔