http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 06 January, 2007, 02:43 GMT 07:43 PST

قیادت سے علیحدگی کا فیصلہ واپس

متحدہ قومی موومنٹ کے خود ساختہ جلا وطن رہنماء الطاف حسین نے قیادت سے دستبرداری کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔

ایم کیو ایم کے لندن میں قائم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز کے مطابق الطاف حسین نے کارکنوں اور ذمہ داران کے اصرار پر تحریک کی قیادت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

الطاف حسین نے جمعہ کو یہ بیان دے کر سب کو چونکا دیا تھا کہ ان کی صحت اب انہیں تحریک کی مزید قیادت کرنے کی اجازت نہیں دیتی اور ساتھ ہی انہوں نے نام لیے بغیر ایم کیو ایم کے کچھ رہنماؤں کے سیاسی طرز عمل پر تنقید کی تھی۔

پریس ریلیز کے مطابق الطاف حسین کی طرف سے قیادت سے دستبرداری کا اعلان سن کر ایم کیو ایم کے رہنماء اور کارکن بڑی تعداد میں (کراچی کے علاقے عزیز آباد میں واقع) اپنے مرکزی دفتر ’نائن زیرو‘ پہنچ گئے۔

ان کا کہنا تھا ’ کارکنوں کو ہاری، مزارعہ یا غلام سمجھنا ان کی تعلیمات کے خلاف ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ اگر ذمہ داران اپنے طرز عمل کو درست نہیں کرتے تو ان کے پاس سوائے اس کے کوئی چارہ نہیں کہ یا تو وہ قیادت چھوڑ دیں یا پھر اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالتے ہوئے پاکستان آ جائیں۔

پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر ذمہ داران اور کارکنان جذباتی ہوگئے اور انہوں نے ایک آواز ہو کر کہا ’ہم اپنی اصلاح کرینگے، آپ کسی بھی قیمت پر واپس نہ آئیں، ہم آپ کی زندگی کا خطرہ مول نہیں لے سکتے‘۔

پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی اور تنظیمی کمیٹی کے تمام ارکان نے فرداً فرداً الطاف حسین سے بات کر کے اپنی غلطیوں کی معافی بھی مانگی۔