Friday, 05 January, 2007, 14:24 GMT 19:24 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کی جانب سے پتنگ بازی اور اس سے متعلق کاروبار کی اجازت دینے کا ازخود نوٹس لیا ہے اوراسے عدالتی ہدایت کی خلاف وزری قرار دیا ہے۔
قائم مقام چیف جسٹس جناب رانا بھگوان داس ، جسٹس سید سعید اشہد اور جسٹس حامد مرزا پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کراچی میں پنجاب حکومت کی کارروائی کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری پنجاب اورایڈوکیٹ جنرل کو بائیس جنوری کو طلب کیا ہے۔
جمعرات کو پنجاب کے وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں پتنگ بازی پر عائد پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
پتنگ کی ڈور سے بڑہتی ہلاکتوں کے بعد سپریم کورٹ نے دو سال پہلے پتنگ بازی ، اس کی فروخت اور اس کے بنانے پر پابندی عائد کردی تھی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پرعمل درآمد کے لیے پنجاب کے گورنر نے تین آرڈیننس جاری کیے تھےجن کے تحت پتنگ بازی پر پابندی عائد کردی گئی تھی مگر گزشتہ روز یہ پابندی چوبیس جنوری سے دودن کے لیے ختم کردی گئی تھی جس کا سپریم کورٹ نےازخود نوٹس لیا ہے۔