http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 28 December, 2006, 03:51 GMT 08:51 PST

بارودی سرنگوں کی تجویز پر تنقید

افغانستان میں اقوام متحدہ کے حکام نے پاکستان کے اس اعلان پر کڑی نکتہ چینی کی ہے کہ وہ پاک افغان مشترکہ سرحد پر باڑے لگائے گا اور بارودی سرنگیں بچھائے گا۔

عالمی ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ عام لوگوں کی جان کے لیے شدید خطرہ پیدا ہوجائے گا اور یہ کہ علاقے میں پہلے ہی بہت زیادہ گولہ بارود موجود ہے۔

اقوام متحدہ سے وابستہ ایک اعلی اہلکار نے کہا کہ دنیا بھر میں حقوق انسانی کے لیے سرگرم کارکن بارودی سرنگوں کی مخالفت کرتے ہیں۔

منگل کے روز پاکستانی دفترخارجہ کے ایک ترجمان نے کہا تھا کہ ان اقدامات سے افغانستان جاکر نیٹو افواج پر حملوں کرنے والے مزاحمت کاروں کو روکنے میں مدد ملے گی۔

افغان حکومت نے اس تجویز کو فوری طور پر یہ کہہ کر مسترد کر دیا تھا کہ اس سے شدت پسندی کو نہیں روکا جا سکتا۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ تین عشروں سے جاری کشت و خون کے دوران افغانستان میں بہت زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئیں جن سے ہزاروں افغان شہری ہلاک یا معذور ہو چکے ہیں۔