Tuesday, 26 December, 2006, 16:29 GMT 21:29 PST
عدنان عادل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
اردو اور پنجابی زبان کے معروف شاعر منیر نیازی منگل کی شام لاہور کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر اناسی برس تھی۔
منیر نیازی کے بھانجے ڈاکٹر نعیم ترین نے بتایا کہ ان کے ماموں کو سانس کی تکلیف کے باعث جناح ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ ساڑھے آٹھ بجے شام ایمرجنسی وارڈ میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے۔
ان کی نماز جنازہ بدھ کو نماز ظہر کے بعد ٹاؤن شپ سیکٹر ون میں ادا کی جائے گی۔
انہوں نے بی اے تک تعلیم پائی اور جنگ عظیم کے دوران میں ہندوستانی بحریہ میں بھرتی ہوگئے لیکن جلد ہی ملازمت چھوڑ کر گھر واپس آگئے۔ برصغیر کی آزادی کے بعد لاہور آگئے۔
منیر کی شاعری |
نقاد سلیم اختر کہتے ہیں کہ منیر نیازی کی نظموں میں انسان کا دل جنگل کی تال پر دھرتا ہے اور ان کی مختصر نظموں کا یہ عالم ہے کہ گویا تلواروں کی آبداری نشتر میں بھر دی گئی ہو۔
اردو کے معروف ادیب اشفاق احمد نے منیر نیازی کی ایک کتاب میں ان پر مضمون میں لکھا ہے کہ منیر نیازی کا ایک ایک شعر، ایک ایک مصرع اور ایک ایک لفظ آہستہ آہستہ ذہن کے پردے سے ٹکراتاہے اور اس کی لہروں کی گونج سے قوت سامعہ متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتی۔
ان کے اردو شاعری کے تیرہ، پنجابی کے تین اور انگریزی کے دو مجموعے شائع ہوئے۔ ان کے مجموعوں میں بے وفا کا شہر، تیز ہوا اور تنہا پھول، جنگل میں دھنک، دشمنوں کے درمیان شام، سفید دن کی ہوا، سیاہ شب کا سمندر، ماہ منیر، چھ رنگین دروازے، شفر دی رات، چار چپ چیزاں، رستہ دسن والے تارے، آغاز زمستان، ساعت سیار اور کلیات منیر شامل ہیں۔
منیر نیازی نے پس ماندگان میں ایک بیوہ چھوڑی ہیں۔ ان کی کوئی اولاد نہیں ہے۔