http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 26 December, 2006, 13:14 GMT 18:14 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

اختر مینگل کو جیل بھیج دیا گیا

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کو پانچ جنوری تک جیل بھیج دیا گیا ہے۔

مینگل سردار کو ملٹری انٹلی جنس کے اہلکاروں پر تشدد کے الزام میں گرفتار کر کے حب سے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔ انہیں منگل کو ایک بکتر بند گاڑی میں کڑے پولیس پہرے میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا گیا۔

اختر مینگل کو صحافیوں سے دور رکھا گیا اور بات کرنے نہیں دی گئی۔ مینگل کے وکیل سید غلام شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ ان پر ایم آئی کے دو نائب حوالداروں کے اغوا اور تشدد کا الزام عائد کیاگیا ہے جنہوں نے ساہ لباس میں ان کا پیچھا کیا تھا۔

غلام شاہ کے مطابق انہوں نے جوابی مقدمہ دائر کرنے کے لیے درخواست دی تھی جو ہائی کورٹ میں التویٰ کا شکار ہے۔ کیونکہ مسئلہ اہلکاروں نے پیدا کیا اور مقدمہ الٹا اختر پر دائر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے فیصلے سے قبل ہی ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا اور انسداد دہشت گردی کی عدالت کو فیصلہ کرنے سے روکنے کی گذراش کی گئی۔

اختر مینگل نے عدالت سے درخواست کی کہ انہیں جیل میں اے کلاس دی جائے مگر عدالت نے ان کی یہ بات نہیں مانی۔

سردار اختر سے ان کے چچا مہراللہ مینگل نے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ اختر کے حوصلے بلند ہیں۔ ’حکمران چاہتے ہیں کہ ہم جھک جائیں اور اپنے مقصد سے دستبردار ہوجائیں مگر ہم سے یہ نہ ہوگا‘۔

انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس والوں نے جیسا کیا وہ ویسا ہی بھگتیں گے۔ ’وہ ان کے بچوں کے پیچھے بھاگ رہے تھے، اب کوئی بھی شریف آدمی یہ تو معلوم کرے گا نہ کہ کون اس کے بچوں کے پیچھے بھاگ رہا ہے‘۔