Monday, 25 December, 2006, 11:42 GMT 16:42 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کے ایک سو تیسویں یومِ پیدایش پر کاکول کیڈمی کے جن کیڈٹس نے مزار کے گارڈز کے فرائض سنبھالے ہیں ان میں چھ خواتین اور ایک سکھ کیڈٹ شامل ہیں۔
پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش ہر سال پچیس دسمبر کو منایا جاتا ہے۔
ملکی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ قائد اعظم کے مزار پر خاتون کیڈٹس یا کسی سکھ کیڈٹ نے سلامی پیش کی ہو۔
کراچی میں قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار کی تعمیر انیس سو ستر میں مکمل ہونے کے بعد پولیس گارڈز مقرر کئےگئے تھے، مگر بعد میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں یہاں افواج پاکستان کے جوان مقرر کئے جانے لگے۔
![]() | |
| سکھ کیڈٹ وزیرِ اعظم شوکت عزیز سے ہاتھ ملا رہے ہے |
سال میں تین موقعوں پر یعنی ملک کی آزادی، یوم دفاع اور قائد اعظم کے یوم پیدائش پر ایک دن کے لیے زیر تربیت کیڈٹس بھی مقرر ہوتے ہیں۔
اس سال بھی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں ایئر فورس کے کیڈٹس کی جگہ کاکول اکیڈمی کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھالے ، جن میں چھ خواتین اور ایک سکھ کیڈٹ شامل ہیں۔
کندھوں پر رائفل اور ہاتھ میں تلوار اٹھائے ان خواتین گارڈز نے ملک کے بانی کو سلامی پیش کی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ خواتین کو بھی ریگیولر فوج میں شامل کیا گیا ہے۔ جبکہ کوئی سکھ کیڈٹ بھی پہلی مرتبہ پاک فوج میں شامل ہوا ہے۔