http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 23 December, 2006, 09:01 GMT 14:01 PST

عدنان عادل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور

جاوید ہاشمی کی ’عارضی‘ رہائی

تین سال سے اسیر مسلم لیگ (نواز) کے قائم مقام صدر اور اتحاد برائے بحالی جمہوریت کے رہنماء مخدوم جاوید ہاشمی کو اپنی بیٹی کی شادی میں شرکت کے لیے دو دنوں کے لیے پیرول پر رہا کردیا گیا ہے۔

جاوید ہاشمی لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے رہا ہونے کے بعد ملتان روانہ ہوگئے جہاں وہ اپنی بیٹی بشریٰ کی شادی میں شریک ہوں گے۔

ان کے خلاف لاہور کی احتساب عدالت میں ناجائز اثاثے بنانے کے الزام میں ایک مقدمہ زیر سماعت ہے۔

اس سال دس جولائی کو بھی جاوید ہاشمی کو اپنی بھانجی اور ان کے شوہر کی ہلاکت کے بعد ان کی آخری رسوم میں شرکت کے لیے دو روز کے لیے پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔

جاوید ہاشمی کوانتیس اکتوبر سن دو ہزار تین کو اسلام آباد کے پارلینمٹ لاجز سے گرفتار کیا گیا تھا اور اپریل سنہ دو ہزار چار کو راولپنڈی میں انہیں بغاوت کے ایک مقدمہ میں مجموعی طور پر تئیس سال کی قید کی سزادی گئی تھی۔
اپریل سنہ دو ہزار پانچ کو انہیں اڈیالہ جیل راولپنڈی سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کردیا گیا تھا۔