Tuesday, 19 December, 2006, 12:09 GMT 17:09 PST
رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پشارو کے علاقے متنی میں پیر کو نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ضلع بنوں کے ڈی آئی جی عابد علی اور ان کے ڈرائیور کی نماز جنازہ منگل کو پولیس لائن، پشاور میں ادا کی گئی۔
جنازے میں سرحد کے گورنر علی محمد جان اورکزئی اور وزیر اعلی اکرم خان درانی کے علاوہ صوبائی وزراء، اعلی پولیس اور سول اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بعد ازاں مرحوم کی میت خصوصی طیارے میں تدفین کے لیے ان کے آبائی شہر لاہور روانہ کردی گئی۔
اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے گورنر اور وزیراعلیٰ سرحد نے ڈی آئی جی بنوں کی ہلاکت پر سخت افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے اور انہیں ہر صورت میں گرفتار کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سرحد نے اس موقع پر مرحوم پولیس افسر کے اہل خانہ کے لیے پچاس لاکھ روپے کا اعلان کیا جبکہ ڈی آئی جی کے اہل ِخانہ کو دس سال تک سرکاری گھر اور گاڑی کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔
![]() | |
| ڈی آئی جی بنوں عابد علی (فائل فوٹو) |
اس سے قبل منگل کی صبح وزیراعلیٰ سرحد اکرم خان درانی نے گورنر ہاؤس میں گورنر علی محمد جان سے ملاقات میں امن وامان کی صورت حال کا جائزہ لیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عابد علی کے قاتلوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کےلیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس مقصد کے حصول کےلیے تمام تر ممکنہ اقدامات کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
واضع رہے کہ مرحوم ڈی آئی جی کا تعلق لاہور سے تھا لیکن ان کی بیشتر سروس صوبہ سرحد میں رہی۔ مرحوم کی شادی چارسدہ کے ایک اہم مذہبی گھرانے میں ہوئی تھی۔ عابد علی کی اہلیہ چارسدہ کے ممتاز عالم دین مولانا صاحب حق کی بھتیجی ہیں۔
اس سے قبل بنوں کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مظہر الحق کاکاخیل نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ یہ واقعہ رات تقریباً ساڑھے دس اور پونے گیارہ بجے کے قریب پیش آیا۔
ایس ایس پی نے مقتول ڈی آئی جی کے بارے میں بتایا کہ وہ پی ایس پی (پولیس سروس آف پاکستان) یعنی وفاق کے آفسر تھے اور 18th کامن کے تھے۔ عابد علی کا تعلق پنجاب سے تھا لیکن ان کی بیشتر سروس صوبہ سرحد میں رہی۔
مرحوم ڈی آئی جی دو مرتبہ قائد اعظم پولیس میڈل اور ایک مرتبہ پاکستان پولیس میڈل لے چکے تھے۔ بقول ایس ایس پی مظہر الحق کے ’یہ ایک بہت بہادر افسر تھے۔‘
ڈی آئی جی کے ڈرائیور امیر نواز خان بنوں کے رہائشی تھے۔