http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 16 December, 2006, 21:12 GMT 02:12 PST

آگ لگنے سے 26 افراد ہلاک

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کے ایک گاؤں میں شادی کی تقریب میں آگ لگنے اور پھر بھگدڑ مچنے کے واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھبیس ہو گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق حادثے میں تقریباً تیس افراد زخمی بھی ہوئے۔ زیادہ تر لوگ اس وقت زخمی ہوئے جب شامیانوں میں آگ لگنے کے بعد انہوں نے وہاں سے نکلنے کی کوشش کی جس دوران ملحقہ دیوار ان پر گر گئی۔

شادی کی تقریب ڈیرہ غازی خان سے پندرہ کلومیٹر دور گاؤں جھوک اترا میں ہو رہی تھی۔

لاہور سے ہمارے نامہ نگار علی سلمان کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے ڈی آئی جی پولیس مبارک اطہر نے ہلاکتوں کی تعداد چھبیس ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے واقعہ کو اتفاقی حادثہ قرار دیا ہے۔ انہوں نہ کہا کہ پولیس نے اس واقعہ کے حوالے سے کوئی مقدمہ درج نہیں کیا، البتہ یہ تحقیق ضرور کی جائے گی کہ حادثہ پیش کیسے آیا۔

ہلاک ہونے والوں میں دلہن سمیت زیادہ تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے۔

موقع کا معائنہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے مطابق آگ اس شامیانے میں لگی جہاں شادی میں شریک خواتین دلہن فضہ کے گرد اکھٹی تھیں۔ ان کے مطابق خیال کیا جا رہا ہے کہ آگ بجلی کے تاروں میں سپارکنگ کی وجہ سے لگی۔

زخمیوں کو کوٹ چھٹہ اور ڈیرہ غازی خان کے ہسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔