Sunday, 10 December, 2006, 07:14 GMT 12:14 PST
عدنان عادل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان معطل مسافر ٹرین تھر ایکسپریس چھ ماہ کی بندش کے بعد دس فروری سے چلنی شروع ہو جائے گی۔
یہ اعلان لاہور میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ایک پریس کانفرنس کےدوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈیا نے مونا باؤ (راجستھان) اور کھوکھرا پار (سندھ) کے درمیان معطل ٹرین کو دس فروری سے شروع کرنے کے لیے کہا ہے۔
تھر ایکسپریس اس سال سترہ فروری سے شروع کی گئی تھی جس کو اگست میں بھارت نے یہ کہہ کر بند کردیا تھا کہ بارشوں کے باعث جودھ پور مونا باؤ ریل پٹری زیر آب آگئی ہے جس کی مرمت کرنی پڑے گی۔
گزشتہ ماہ بھارت اور پاکستان کے ریلوے حکام نے دونوں ملکوں کے درمیان ٹرین رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے دلی میں مذاکرات کیے تھے جس میں بھارتی حکام نے تیئس دسمبر سے تھر ایکسپریس دوبارہ شروع کرنے کا عندیہ دیا تھا لیکن دونوں ملکوں کے درمیان ٹرین چلانے کے لیے حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی تھی۔
![]() | |
| دونوں ممالک کے درمیان تھر ایکسپریس رواں سال شروع کی گئی تھی(فائل فوٹو) |
کراچی اور سندھ میں مقیم تقسیم شدہ مسلمان خاندانوں کے لیے بھارت میں مقیم اپنے رشتے داروں سے ملنے جانے کے لیے اہمیت کی حامل تھر ایکسپریس اس سال فروری میں اکتالیس سال کی بندش کے بعد بحال کی گئی تھی تاہم چھ ماہ بعد
ہی یہ دوبارہ بند کردی گئی تھی۔