Saturday, 09 December, 2006, 18:52 GMT 23:52 PST
عدنان عادل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان معطل مسافر ٹرین تھر ایکسپریس چھ ماہ کی بندش کے بعد دس فروری سے چلادی جائے گی۔
آج لاہور میں وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ بھارت نے مونا باؤ (راجستھان) اور کھوکھرا پار (سندھ) کے درمیان معطل ٹرین کو دس فروری سے شروع کرنے کے لیے کہا ہے۔
تھر ایکسپریس اس سال سترہ فروری سے شروع کی گئی تھی جسے اگست میں بھارت نے یہ کہہ کر بند کردیا تھا کہ بارشوں کے باعث جودھ پور مونا باؤ ریل پٹڑی زیرِ آب آگئی ہے جسے مرمت کرنا پڑے گا۔
دونوں ملکوں کے درمیان مونا باؤ اور کھوکھرا پار کے درمیان مال بردار ٹرین چلانے پر بھی بات چیت ہوئی تھی لیکن پاکستان نے اسے شروع کرنے پر رضا مندی ظاہر نہیں کی کیونکہ پاکستان ریلوے کے حکام کا کہنا ہے کہ اس کی جانب ایسی ٹرین چلانے کے لیے ریلوے کے ضروری انتظامات موجود نہیں۔
کراچی اور سندھ میں مقیم تقسیم شدہ مسلمانوں کے لیے بھارت میں مقیم اپنے رشتے داروں سے ملنے جانے کے لیے اہمیت کی حامل تھر ایکسپریس اس سال فروری میں اکتالیس برس کی بندش کے بعد بحال کی گئی تھی تاہم چھ ماہ بعد ہی یہ دوبارہ بند کردی گئی تھی۔