Saturday, 09 December, 2006, 00:21 GMT 05:21 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
کوئٹہ میں صدر جنرل پرویز مشرف کے دورے کے دوسرے روز بھی دھماکے کی آواز سنی گئی ہے لیکن رات گئے تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ دھماکہ کہاں ہوا ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس غلام قادر تھیبو نے بتایا ہے کہ اب تک معلوم نہیں ہو سکا کہ دھماکہ کہاں ہوا ہے تاہم اس بارے میں تفتیش جاری ہے۔
اطلاعات کہ مطابق یہ دھماکہ راکٹ داغنے سے ہوا ہے لیکن اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ۔ دھماکے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
گزشتہ روز بھی ایک دھماکے کی آواز سنی گئی تھی جس کے بارے میں پولیس نے بتایا ہے کہ یہ ایک پٹاخے کی آواز تھی۔
دریں اثنا ایک نا معلوم شخص نے ٹیلیفون پر اپنا نام آزاد بلوچ بتایا ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے دونوں روز راکٹ داغے ہیں جس کی ذمہ داری وہ کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے قبول کرتا ہے۔
غلام قادر تھیبو نے بتایا ہے کہ ان دنوں حفاظتی انتظامات سخت، ہیں اور پولیس کے علاوہ بلوچستان ریزرو پولیس کے دستے مختلف اہم مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں۔