http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 09 December, 2006, 14:15 GMT 19:15 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

مینگل کے محافظوں کو عمر قید

کراچی میں انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ اختر مینگل کے چار محافظوں کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

نصراللہ ، محبوب علی، غلام حیدر اور غلام صادق پر الزام تھا کہ انہوں نے پانچ اپریل دو ہزار چھ کو ملٹری انٹلیجنس کے دو اہلکاروں قربان علی اور فیاض کو اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا ۔

احتجاج جاری رہے گا: اختر مینگل

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج حق نواز بلوچ نے سنیچر کے روز مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے چاروں ملزموں کو عمر قید اور ایک لاکھ کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم سنایا۔

اس مقدمے میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل کو مفرور قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں اختر مینگل کےچار محافظوں کو ان کے گھر کے دس دن کے محاصرے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ کچھ مشکوک لوگ ان کے سکول جانے والے بچوں کا پیچھا کررہے تھے اور ان کے محافظوں نے موٹر سائیکل پر سوار ایسے ہی افراد کو پکڑ لیا ، جنہوں نے بتایا کہ وہ انٹلیجنس ادارے سے تعلق رکھتے ہیں ۔