Friday, 08 December, 2006, 03:40 GMT 08:40 PST
ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پشتو فلموں کی معروف سابق اداکارہ مسرت شاہین نے اپنی سیاسی جماعت تحریک مساوات کو متحدہ قومی موومنٹ میں ضم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مسرت شاہین نے یہ اعلان لندن میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد کیا۔ انہوں نے پشاور میں چند صحافیوں کو ٹیلی فون پر اپنے اس فیصلے سے آگاہ کیا۔
مسرت شاہین کے مطابق الطاف حسین نے انہیں صوبہ سرحد میں ایم کیو ایم کا میڈیا کوارڈینیٹر مقرر کیا ہے اور پاکستان واپس پہنچ کر وہ پشاور اور چند دیگر شہروں میں الطاف حسین کے ٹیلی فونک خطاب کا اہتمام کریں گی۔
مولانا فضل الرحمان اور مسرت شاہین دونوں کا تعلق صوبہ سرحد کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے۔ مسرت شاہین فلموں میں اپنی ’بے باک‘ اداکاری کے حوالے سے یاد رکھی جاتی ہیں۔
فلمی صنعت کو خیرآباد کہنے کے بعد سے مسرت شاہین سیاست میں جگہ بنانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں، تاہم انہیں ابھی تک کوئی خاص کامیابی نہیں مل پائی ہے۔