Saturday, 02 December, 2006, 15:18 GMT 20:18 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے افغانستان میں قیام امن کے لیے بیرونی مداخلت بند ہونی چاہیے اور افغانستان کی بہتری کے لیے ضروری ہے کہ افغانیوں کو حق حکمرانی دیا جائے۔
سنیچر کو کوئٹہ میں پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے زیر انتظام جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے معاملات میں مداخلت بند کردے وگرنہ خطے میں حالات قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔ انھوں نے افغانستان کی عوام اور ملا عمر سمیت تمام قائدین سے کہا ہے کہ افغانستان میں بیرونی مداخلت کو روکیں اور عوام جس کو منتخب کریں اسے حق حکمرانی ملنا چاہیے۔
محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام پشتون ٹکڑوں میں بٹے ہوئے ہیں اور بے نام زندگی گزار رہے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ تمام پشتون متحد ہو جائیں اور اپنا ایک نام رکھیں وہ چاہے پشتونستان ہو یا افغانیہ ہو۔
یہ جلسہ جماعت کے بانی قائد عبدالصمد خان کی برسی کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا جس سے نواب ایاز جوگیزئی اور سینیٹر عبدالرحیم مندو خیل نے بھی خطاب کیا ہے۔
یہ جلسہ کوئٹہ کے صادق شہید پارک میں ہونا تھا لیکن سارا دن بارش ہونے سے جلسہ سائنس کالج میں منعقد کیا گیا۔