Thursday, 30 November, 2006, 22:45 GMT 03:45 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
بلوچستان نیشنل پارٹی کی اپیل پر آج صوبے کے بیشتر اضلاع میں مظاہروں کے دوران پولیس نے بڑی تعداد میں گرفتاریاں کی ہیں جب کہ کوئٹہ میں مظاہرین نے سریاب روڈ پردو بسوں اور ایک جیپ کو آگ لگا دی ہے۔
کوئٹہ پریس کلب کے سامنے آج صبح جب بلوچستان نیشنل پارٹی کے کارکن جماعت کے نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ کی سربراہی میں پہنچے تو مظاہرین نےحکومت کے خلاف سخت نعرہ بازی کی اور حکومتی پالیسیوں کی مذمت کی ۔
مظاہرے کے بعد جب قائدین جا رہے تھے تو پولیس نے ساجد ترین کے علاوہ صادق رئیسانی ایڈووکیٹ رزاق لانگو اور غلام فاروق شاہوانی کوگرفتار کر لیا۔ ساجد ترین نےاس موقع پر کہا صوبہ بھر میں بڑی تعداد میں ان کے کارکنوں کوگرفتار کیا گیا ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ رینج عبدالقادر تھیبو نے بتایا کہ کوئٹہ میں جمعرات کی رات سے چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک کل تینتیس قائدین اور کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ادھرتربت میں پولیس نے بلوچستان نیشنل پارٹی اور نیشنل پارٹی کے کوئی چوبیس قائدین اور کارکنوں کو مظاہرے کے بعد گرفتار کیا تھا جن میں سے کچھ کو رہا کر دیا گیا ہے۔
پولیس اہلکاروں کے مطابق آٹھ افرادگرفتار ہیں۔گرفتار قائدین میں نیشنل پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر یسین بلوچ سابق سپیکربلوچستان اسمبلی میراکرم دشتی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے محراب بلوچ ایڈووکیٹ شامل ہیں۔