http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 29 November, 2006, 09:33 GMT 14:33 PST

عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ

کوئٹہ تفتان ریلوے پٹڑی پر دھماکے

صوبہ بلوچستان میں نوشکی کے قریب کوئٹہ تفتان سیکشن پر ریل کی پٹڑی پر چار دھماکے ہوئے ہیں جن سے کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا لیکن پٹڑی تباہ ہو گئی ہے۔

ریلوے حکام نے بتایا ہے کہ نامعلوم افراد نے پٹڑی پر پانچ بم رکھے تھے جن میں سے چار پھٹ گئے ہیں جبکہ ایک کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

ریلوے کے ایک افسر فیض محمد بگٹی نے بتایا ہے کہ چھتیس فٹ پٹڑی تبدیل کی جارہی ہے اور مرمت کا یہ کام بدھ کی شام تک مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج اس طرف نہ تو مسافر گاڑی نے اور ناں ہی کسی مال گاڑی نے آنا تھا۔

یہ دھماکے کوئٹہ سے کوئی پچانوے کلومیٹر دور ہوئے ہیں اور اس راستے پر گاڑیاں ایران کی سرحد کے ساتھ واقع شہر تفتان تک جاتی ہیں۔ اس ٹریک پر مہینے میں دو مرتبہ مسافر گاڑی اور کوئی آٹھ مال گاڑیاں جاتی ہیں۔