Wednesday, 29 November, 2006, 07:29 GMT 12:29 PST
ذیشان حیدر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان نے بدھ کی صبح درمیانے فاصلے تک مار کرنےوالے بیلسٹک میزائل حتف IV ( شاہین I) کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ تجربہ پاک فوج کی سٹریٹجک کمانڈ فورس کی مشقوں کے دوران کیا گیا۔
بیان کے مطابق یہ میزائل سات سو کلومیٹر کے فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کاحامل ہے۔ یاد رہے کہ شاہین۔ون بیلسٹک میزائل سسٹم چند برس قبل پاک آرمی سٹرٹیجک فورس کمانڈ کے حوالے کیا گیا تھا۔
تجربے کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل احسان الحق کے علاوہ سینئر فوجی حکام اور سٹریٹجک تنظیموں کے سائنسدان اور انجینئر بھی موجود تھے۔
میزائل کے جواب میں میزائل |
یاد رہے کہ پاکستان نے اسی ماہ کی سولہ تاریخ کو بھی جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل حتف فائیو کا تجربہ کیا تھا جس کے جواب میں انڈیا نے پہلے تو انیس نومبر کو درمیانے فاصلے کے زمین سے فضا میں مار کرنے والا ترشول میزائل کامیابی سے داغا تھا اور پھر ستائیس نومبر کو پہلی مرتبہ فضا میں دو میزائلوں کے ٹکراؤں کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔