Thursday, 23 November, 2006, 08:35 GMT 13:35 PST
توقع ہے کہ چین کے صدر ہو جنتاؤ کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان ایک معاہدہ ہو گا جس کے تحت چین پاکستان کو جوہری توانائی کے شعبے میں دی جانے والی امداد میں بھاری اضافہ کرے گا۔
چین کے صدر بھارت میں باہمی تجارت اور سیاسی امور پر بات چیت کرنے کے بعد جمعرات کو پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
چین کے سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق پاکستان کے دورے کے دوران ایسے معاہدوں پر دستخط ہونے کی توقع ہے جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں، تاہم ادارے نے اس سلسلے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی۔
جوہری توانائی کے میدان میں متوقع معاہدے کے بارے میں نام نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ اسی نوعیت کا معاہدہ ہو گا جیسا کہ گزشتہ دنوں بھارت اور امریکہ کے درمیان ہوا ہے۔ اب اس معاہدے کو امریکہ کی کانگریس کی حتمی منظوری کا انتظار ہے۔
![]() | |
| چینی صدر ہوجنتاؤ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں |
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ چین کی طرف سے پاکستان کو امداد اور دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون کو بھارت نے ہمیشہ شک کی نگاہ سے دیکھا ہے۔
لیکن چین کے صدر کا کہنا ہے کہ ان کا ملک جنوبی ایشیاء کے دو تاریخی دشمن ممالک کے درمیان امن کے فروغ میں مدد دے سکتا ہے اور یہ کہ جنوبی ایشیا میں چین کے اپنے کوئی ’بڑے مفادات‘ نہیں ہیں۔
گزشتہ دس برسوں میں صدر ہوجنتاؤ پہلے چینی سربراہ مملکت ہیں جو بھارت اور پاکستان دونوں کا دورہ کر رہے ہیں۔
اپنے دورہ ہندوستان کے دوران انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان امن کے عمل کو خوش آئند قرار دیا۔ چینی صدر کا کہنا تھا کہ کہ ان کا ملک ’جنوبی ایشا میں امن اور ترقی کے لیئے ایک تعمیری کردار ادا کرنے کے لیئے تیار ہے کیونکہ ایک پرامن اور خوشحال جنوبی ایشاء پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔‘