Tuesday, 21 November, 2006, 07:46 GMT 12:46 PST
اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
جنوبی وزیرستان میں بی بی سی کے لیے رپورٹنگ پر مامور نامہ نگار دلاور خان وزیر کو لاپتہ ہوئے کئی گھنٹے گزر گئے لیکن ابھی تک یہ بھی نہیں معلوم ہو سکا کہ انہیں اغوا کیا گیا یا وہ کسی ریاستی ادارے کی تحویل میں ہیں۔
حکومت کے سبھی ذمہ دار لوگ جن سے رابطہ ہوا وہ یہی کہہ رہےتھے کہ وہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ دلاور خان وزیر حکومت کی ایجنسیوں کے پاس ہیں یا نہیں۔ انہوں نے اس بارے میں تردید یا تصدیق نہیں کی۔ تاہم رات گئے تک پولیس کے اعلیٰ حکام دفتر آتے رہے جن میں اسلام آباد کے قائم مقام آئی جی اور شہر کے ایس ایس پی شامل ہیں۔
پولیس حکام نے گمشدہ صحافی کے چھوٹے بھائی ذوالفقار علی سے جو بہت خوفزدہ تھے بہت سے سوالات کیے اور ان کے تحریری بیان کی بنیاد پر نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی۔ حکام نے کہا کہ فی الحال وہ نہیں کہہ سکتے کہ اس واقعے میں کون ملوث ہے۔
پولیس حکام تسلی بھی دیتے رہے اور کہہ رہے تھے کہ وہ تمام پہلؤوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کر کے تفتیش آگے بڑھائیں گے۔ پولیس کا رویہ ہمدردانہ تھا اور اعلیٰ حکام اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لے رہے تھے لیکن اب تک کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہوئی۔
صحافی تنظیموں نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ دلاور خان وزیر پاکستان کے خفیہ اداروں کی قید میں ہو سکتے ہیں۔
کچھ عرصہ قبل نامعلوم افراد نے دلاور خان وزیر کے چھوٹے بھائی تیمور خان کو ہلاک کر دیا تھا۔
دلاور خان وزیر پیر کی دوپہر اسلام آباد میں واقع اسلامی یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم اپنے بھائی ذوالفقار علی خان وزیر سے ملاقات کرنے کے بعد، ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
پاکستان کے پرنسپل انفارمیشن آفیسر اشفاق گوندل نے بی بی سی بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پیر کی دوپہر جیسے ہی دلاور خان وزیر کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی انہوں نے سیکرٹری وزارت داخلہ سے بات کی جنہوں نے پولیس کے مختلف اداروں کے متعلقہ حکام سے بات کرنے کے بعد کہا کہ اس مسئلہ کو جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ضروری احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
اس سوال کے جواب میں کہ اس طرح کے معاملات میں جن اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں وہ کتنی دیر میں معلومات فراہم کرتے ہیں اشفاق گوندل نے کہا کہ انہیں پیر کو دلاور خان وزیر کی گمشدگی کی اطلاع ملی تھی اور اس کے بعد سے وہ اس سلسلے میں کوشاں ہیں اور امید ظاہر کی جلد ہی کچھ معلوم ہو جائے گا۔