http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 17 November, 2006, 18:39 GMT 23:39 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

کراچی میں متحدہ کی فتح ریلی

قومی اسمبلی سے حقوق نسواں بل منظور ہونے کی خوشی میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے یوم تشکر منایا گیا ہے اور کراچی میں خواتین کی ایک فتح ریلی نکالی گئی ہے۔

ریلی جمعہ کی سہ پہر کو قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار سے نکالی گئی جو ایم اے جناح روڈ سے ہوتی ہوئی تبت سینٹر تک پہنچی جہاں مقررین نے ریلی سے خطاب کیا۔
اس ریلی میں ہزاروں مرد وخواتین شریک ہوئے۔

بہت سے لوگ متحدہ قومی موومنٹ اور اس کے سربراہ الطاف حسین کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔

کئی لوگوں نے ہاتھوں میں الطاف حسین کے ساتھ جنرل پرویز مشرف کی تصویریں اور پارٹی کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین، پارلیمانی لیڈر فاروق ستار، انور عالم اور دیگر رہنماؤں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حقوق نسواں بل کو خواتین حقوق کے تحفظ کے لئے بارش کا پہلا قطرہ قرار دیا اور اس کے بعد موسلادھار بارش ہوگی۔

انکا کہنا تھا کہ ونی، کارو کاری اور قرآن سے شادی کے خلاف بھی بل لائے جائینگے۔

انہوں نے کہا کہ کارو کاری اور دیگر فرسودہ رسمیں جاگیرداری نظام کی پیداوار ہیں جن کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ اپنی جدوجہد جاری رکھےگی۔

انکا کہنا تھا کہ ایسی رسمیں جو خواتین کو کمتر و حقیر بنائیں اوران پر ظلم کرنے کی اجازت دیں، متحدہ ان کی راہ میں چٹان بنےگی۔

ایم کیو ایم کی جانب سے سترہ نومبر کے دن کو ہر سال یوم حقوق نسواں کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیاہے۔