Monday, 13 November, 2006, 07:37 GMT 12:37 PST
سرحد اسمبلی نےمتنازع حسبہ بل کو ایک بار پھر منظور کر دیا ہے۔ اس موقع پر حزب اختلاف کے اراکین اسمبلی نے بازؤں پر سیاہ آرم بینڈز پہن رکھے تھے اور انہوں نے بل پر بحث کے دوران اس پر بہت تنقید کی اور اسمبلی سے واک آؤٹ بھی کیا۔
قانون کا درجہ حاصل ہونے کے لیے اس بل پرگورنر سرحد کے دستخط ہونے ضروری ہیں۔
صوبائی اسمبلی نے پچھلے سال بھی اس بل کو منظور کیا تھا لیکن پھر اس کے خلاف صدارتی ریفرنس ہوا تھا اور سپریم کورٹ نے اس میں کئی ترمیم کی ہدایت کی تھی۔
’حسبہ بل 2006‘ کو صوبائی وزیر قانون نے پیر کو اسمبلی میں پیش کیا گیا۔
حزب اختلاف کے کئی اراکین اسمبلی نے بل کے خلاف تقریر کی اور کہا کہ یہ بل غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اس بل میں سپریم کورٹ کی تجویز کردہ ترامیم شامل نہیں ہیں اور یہ وہی پرانا بِل ہے ۔