http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 04 November, 2006, 18:15 GMT 23:15 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

صدر کراچی میں، ہلاکتوں پر احتجاج

کراچی میں صدر جنرل پرویز مشرف کی موجودگی کے موقعے پر باجوڑ پر بمباری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

ضمیمہ: باجوڑ مدرسے پر بمباری
باجوڑ مکمل اجلاس، اسمبلی اجلاس ملتوی
مولوی فقیر کی تقریر کی ویڈیو
پشاور اور قبائلی علاقوں میں احتجاج

جمعیت علماء اسلام کے مقامی رہنماؤں کے مطابق پریس کلب آنے والے مظاہرین کو شہر کے مختلف مقامات پر پولیس نے روک دیا اور کہا کہ صدر مشرف کی آمد کے وجہ سے احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

مظاہرے کو جے یو آئی کے رہنما سینیٹر ڈاکٹر خالد محمود سومرو، ایم پی اے عمر صادق اورقاری عثمان نے کہا کہ معصوم لوگوں پر بمباری کرکے امریکی فوج نے نہ صرف پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی ہے، بلکہ انسانی حقوق کو بھی پائمال کیا گیا۔
مظاہرہ
صدر مشرف کی کراچی میں موجودگی کی وجہ سے احجاج کی اجازت نہیں دی گئی

انہوں نے کہا کہ اگر مدرسے میں دہشتگرد تھے تو ان پر مقدمہ دائر کیوں نہیں کیا گیا، ان کو نوٹس جاری کیوں نہیں کیے گئے یا انہیں گرفتار کیوں نہیں کیا گیا۔ حکمرانوں کو بمباری کی کس نے اجازت دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کا مقصد جب تک ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ تھا، تب تک فوج نے وہ کارنامے سرانجام دیے جن سے مخالف لرز جاتے تھے مگر جب سے حکمرانوں نے اس مقصد کو چھوڑ دیا ہے اس وقت سے کبھی وانا میں اور کبھی شمالی وزیرستان میں معصوم لوگوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا اب سڑکوں کے ساتھ اسمبلیوں میں بھی حکمرانوں سے لڑینگے۔

واضح رہے کہ صدر پرویز مشرف دو دن کے دورے پر کراچی پہنچے ہیں، جس وجہ سے کراچی میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔