Friday, 03 November, 2006, 18:30 GMT 23:30 PST
رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
متحدہ مجلس عمل کی اپیل پر باجوڑ ایجنسی میں دینی مدرسے پر بمباری اور ہلاکتوں کے خلاف جمعے کو صوبائی درالحکومت پشاور اور قبائلی علاقوں میں اس سلسلے میں بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔
ریلی جب کابلی چوک پہنچی تو وہاں پر جماعت اسلامی کی صوبائی رہنماؤں کے قیادت میں ایک جلوس پہلے سے موجود تھا جو بعد از نماز جمعہ مسجد مہابت خان سے وہاں پہنچا تھا۔
ریلی میں موجود ایم ایم اے کے کارکنوں نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر صدر پرویز مشرف اور امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے۔
مظاہرین نے اس موقع پر صدر پاکستان اور صدر بش کے خلاف سخت نعرہ بازی بھی کی۔
حکمراں اور عوام |
اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی رہنماؤں مشتاق احمد خان اور حکیم عبدالوحید نے بھی خطاب کیا۔ پشاور میں اب تک ہونے والے مظاہروں میں یہ سب سے بڑا مظاہرہ تھا۔ اس کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے زیراہتمام بھی پشاور میں ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا جس کی قیادت صوبائی اور مرکزی رہنماؤں نے کی۔
ادھر لنڈی کوتل سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق باجوڑ کے واقعہ پر احتجاج کرنے کےلیے جے یوآئی (ف) کی طرف سے مظاہرہ اور بمباری میں ہلاک ہونے والوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ اس موقع پر ایک قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ قبائلی علاقوں میں امریکی اور دیگر غیر ملکیوں کو دیکھتے ہی گولی ماردی جائی گی۔