Friday, 03 November, 2006, 12:00 GMT 17:00 PST
ذیشان حیدر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سکریٹری اطلاعات احسن اقبال نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ باجوڑ کے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیں۔
باجوڑ میں مدرسے پر بمباری کے نتیجے میں اسّی سے زائد افراد کی ہلاکت کے خلاف مسلم لیگ (ن) کی جانب سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے پر پوری قوم سراپا احتجاج ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی عدالتِ عظمٰی کے سربراہ ہونے کے ناطے چیف جسٹس آف پاکستان کو بے گناہوں کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کروانی چاہئیں تاکہ حکومت کے اس دعوے کا پول کھل سکے کہ مارے جانے والے تمام دہشت گرد تھے۔
اپنی تقریر میں احسن اقبال نے کہا کہ’جب بھی پاکستان میں کوئی برطانوی یا امریکی اہم وی آئی پی آتا ہے تو مشرف حکومت اسے بےگناہ عوام کے خون کا ندرانہ پیش کرتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ باجوڑ کا واقعہ بھی امریکی مدد حاصل کرنے کے لیے دکھائی جانے والی کارکردگی کا حصہ ہے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے بھی مشرف حکومت اور امریکہ پر کڑی تنقید کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ باجوڑ کے واقعے پر پاکستانی قوم کا مجموعی ردعمل بہت کمزور ہے اور جب تک عوام ایسے المناک واقعات کی بھرپور مذمت نہیں کریں گے اس وقت تک حکمران امریکہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے اس قسم کے اقدامات کرتے رہیں گے۔