Tuesday, 31 October, 2006, 08:59 GMT 13:59 PST
ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
باجوڑ ایجنسی کے علاقے خار میں گزشتہ روز فوجی بمباری سے اسی افراد کی ہلاکت پر احتجاج کرتے ہوئے ہزاروں قبائلیوں نے مظاہرہ کیا ہے اور ’جہاد جاری رکھنے اور شہیدوں کے لہو کا انتقام لینے کا عہد کیا ہے۔‘
اس مظاہرے کے علاوہ تیمرگرہ اور ٹانک سے بھی احتجاجی مظاہروں کی خبریں آ رہی ہیں۔ خار میں قبائلی مظاہرین ’بش مردہ باد اور مشرف مردہ باد‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔
قبائلی علاقوں کے علاوہ پاکستان کے دیگر حصوں میں بھی یومِ احتجاج کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرے منعقد کیئے جا رہے ہیں۔ مقامی وقت کے مطابق پانچ بجے شام کراچی میں مظاہرہ ہوگا جبکہ اسلام آباد میں دینی جماعتوں نے چار بجے کے قریب مظاہرے کا اعلان کر رکھا ہے۔
اے پی کے مطابق خار کے گرد و نواج میں لاؤڈ سپیکروں پر پشتو زبان میں لوگوں کو ’جہاد‘ کرنے کے لیے کہا جا رہا ہے اور گزشتہ روز کی بمباری میں لوگوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔
مولانا روح الامین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے: ’ہم شہدا کے خون کا انتقام لیں گے۔ کفر کی طاقتیں ہمارے وجود کو مٹانے کے درپے ہیں۔‘
خار میں آج دوسرے روز بھی بازار بند ہیں اور القاعدہ سے تعلق کے الزام میں حکومت کو مطلوب مولانا فقیر محمد نے بھی ایک ریلی کی قیادت کی ہے۔
گزشتہ روز ایم ایم اے کے قائد قاضی حسین احمد نے منگل کو ملک بھر میں ان ہلاکتوں کے خلاف یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا تھا اور بتایا کہ وہ چار نومبر سے شروع ہونے والے جماعتِ اسلامی کے شوریٰ کے اجلاس میں حکومت کے خلاف تحریک پر غور کریں گے۔