Tuesday, 31 October, 2006, 21:50 GMT 02:50 PST
ذیشان حیدر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلز کا کہنا ہے کہ دنیا کے تمام بڑے مذہب حقانیت کی جانب رہنمائی کرتے ہیں لیکن ان کی تعلیمات کی اصل روح نہ بیان کرنے کی وجہ سے دنیا میں نفرت اور غلط فہمیاں بڑھی ہیں۔
سکیورٹی خدشات کےتحت پشاور کے دورے کی منسوخی کے بعد شہزادہ چارلز نے اپنے دورے کا تیسرا دن ٹیکسلا کی سیر اور فاطمہ جناح وومنن یونیورسٹی راولپنڈی کے دورے میں صرف کیا۔
شہزادہ چارلز اور ان کی اہلیہ نے تاریخی مقام ٹیکسلا کا بھی دورہ کیا جس کے دوران انہیں اس تاریخی مقام کی اہمیت اور گندھارا تہذیب کے بارے میں بتایا گیا۔
شہزادہ چارلز کے راولپنڈی اور ٹیکسلا کے دورے کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ یاد رہے کہ برطانوی ولی عہد اپنے اس دورۂ پاکستان کے دوران عوام سے ملنے کے بھی خواہاں تھے لیکن پیر کو باجوڑ میں ہونے والے واقعے کے بعد ان تک عام آدمی کی رسائی تقریباً ناممکن ہو کر رہ گئی ہے۔