Monday, 30 October, 2006, 19:33 GMT 00:33 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
حیدرآباد کے ایک نجی ہسپتال میں ڈینگی وائرس میں مبتلا ایک مریض کی ہلاکت کے بعد گذشتہ چار ماہ کے دوران سندھ میں اس مرض سے ہونے والی اموات کی تعداد اٹھائیس ہوگئی ہے۔
ڈینگی وائرس سے پیر کو ہلاک ہونے والے مریض کا نام ندیم شیخ معلوم ہوا ہے جو 14 اکتوبر سے حیدرآباد کے ہسپتال میں داخل تھے، جبکہ اطلاعات کے مطابق پیر کو شہر کے مختلف ہسپتالوں میں 65 ایسے مریضوں کو لایا گیا جو بظاہر اسی وائرس سے متاثرہ تھے۔
ڈینگی وائرس کے بارے میں صوبائی حکومت کی جانب سے قائم ’سرویلنس کمیٹی‘ کے سربراہ کیپٹن ماجد نے بتایا کہ ہسپتالوں میں زیر علاج ڈینگو وائرس سے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد اب 216 ہو گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جون سے لیکر ستمبر تک ڈینگی وائرس سے 28 افراد ہلاک جبکہ اٹھارہ سو پچاس کے لگ بھگ متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے پانچ سو پچاس کی ڈینگو وائرس میں مبتلا ہونے کی باقاعدہ تصدیق ہوچکی ہے۔
اسلام آباد میں محکمہ صحت کی جانب سے جاری کئے گئے ایک اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو ہزار ستر ہوگئی ہے، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں اس سے متاثرہ مزید انیس مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس سیزن میں اگرچہ دیگر وبائی امراض سے بھی لوگ متاثر ہوتے ہیں مگر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے اور ان کی تشہیر کی وجہ سے لوگوں میں خوف کی فضا پائی جاتی ہے۔