http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 27 October, 2006, 07:33 GMT 12:33 PST

غلام اسحاق خان انتقال کرگئے

پاکستان کے سابق صدر غلام اسحاق خان طویل علالت کے بعد صوبہ سرحد کے دارالحکومت پشاور میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 91 سال تھی۔

غلام اسحاق خان 1988 سے 1993 تک ملک کے صدر رہے۔ انہوں نے تقسیم سے قبل ایک سِول اہلکار کی حیثیت سے اپنے کریئر کا آغاز کیا اور متعدد اہم عہدوں کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

سن 1993 میں صدارت کے عہدے سے ’استعفے‘ کے بعد وہ ایک غیرسیاسی زندگی گزارتے رہے تھے۔ اپنی صدارت کے دوران انہوں نے وزیراعظم بینظیر بھٹو اور وزیراعظم نواز شریف دونوں کی حکومتوں کو برطرف کیا تھا۔

وہ صوبہ سرحد کے ضلع بنوں کے قصبے اسماعیل خیل میں بیس جنوری 1915 کو پیدا ہوئے۔ وہ 1940 میں صوبہ سرحد کی سِول سروس میں داخل ہوئے اور ایک معمولی عہدے سے مسلسل ترقی کرتے ہوئے ملک کے صدر بنے۔