http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 21 October, 2006, 06:45 GMT 11:45 PST

دلاورخان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ڈیرہ اسماعیل خان

جنڈولہ میں معروف حکیم قتل

جنوبی وزیرستان کے علاقہ جنڈولہ میں پانچ نامعلوم نقاب پوشوں نے فائرنگ کرکے ایک معروف حکیم کوہلاک کردیا ہے۔ قتل کے بعد یہ نقاب پوش جنوبی وزیرستان میں داخل ہوکرفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

یہ واقعہ جمعہ کی دوپہر جنڈولہ بازار میں اس وقت پیش آیا جب علاقہ کے معروف حکیم علامہ قاسم اپنے گھر سے کلینک کی طرف جارہے تھے۔ جنڈولہ میں موجود پولیٹکل انتظامیہ کےایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ مسلح نقاب پوش جنوبی وزیرستان کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

معروف حکیم علام قاسم کا تعلق اہل تشیع سے بتایا جاتا ہے اور وہ علاقے میں تعویزگنڈوں کا کام کرتے تھے۔

عینی شاہدین نے بی بی سی کو بتایا کہ علامہ قاسم کے سر اور سینہ میں کئی گولیاں ماری گئی تھیں۔ یہ واقعہ سکاؤٹس قلعہ سے تقریبا ایک سو میٹر کے فاصلہ پر پیش آیا ہے اور جائے وقوع بھی فوجی ملکیت ہے لیکن نقاب پوشوں کی گرفتاری کے لیے سرکاری اہلکاروں نے کسی قسم کا قدم نہیں اٹھایا۔