http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 18 October, 2006, 16:58 GMT 21:58 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

کراچی پولیس کے سیریل کلرز گرفتار

کراچی پولیس نے پولیس اور رینجرز کے پندرہ اہلکاروں کے قتل میں ملوث دو سیریل کلرز کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

کراچی میں رواں سال جون سے اکتوبر تک پانچ ماہ میں جمشید ٹاؤن، لیاقت آباد، ملیر، بن قاسم اور شاہ فیصل کالونی میں چار پولیس افسران، دو رینجرز کے جوانوں سمیت پندرہ اہلکاروں کو گولی مارکر ہلاک کیا گیا تھا۔

ان تمام اہلکاروں کی موت ایک ہی طریقۂ وارادت سے ہوئی تھی۔ موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ان کے سر کا نشانہ بنایا تھا۔

سندھ پولیس کے سربراہ جہانگیر مرزا نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیس نے بھینس کالونی میں مقابلے کے بعد کامران عرف کامو اور محمد فرحان عرف شانی کو ایک فائرنگ کے تبادلے کے بعدگرفتار کرلیا۔

ملزمان سے دو ٹی ٹی پسٹل برآمد کیے گئے، بعد میں ان کی نشاندہی پر پولیس نے چھینے گئے تیس موبائیل، رینجرز کے ایک پسٹل سمیت دو پسٹل اور ایک سو گولیاں بر آمد کرلیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کسی مخصوص افسر یا اہلکار کو ٹارگیٹ نہیں کرتے تھے بلکہ سربراہ کسی بھی پولیس افسر یا اہلکار کی شناخت ہونے پر موٹر سائیکل پر ان کا پیچھا کرتے، انتہائی قریب جانے کے بعد کامران جو پیچھے بیٹھتا تھا سر پر نشانہ باندھ کر گولی چلاتا۔

آئی جی نے بتایا کہ ملزمان زیادہ تر پولیس اہلکاروں کی یونیفارم یا ان کی مخصوص سفید سرکاری موٹر سائیکل کی وجہ سے شناخت کرتے تھے آخری واردات میں ملزمان نے پولیس کانسٹیبل غلام غوث کو اس کی سرکاری پینٹ اور بوٹ کی وجہ سے نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے حال ہی میں مزید اسلحہ اور گولیاں خریدی تھیں اور اس سیریل کلنگ میں تیزی لانا چاہتے تھے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ آخر وہ پولیس کو کیوں ٹارگیٹ بناتے تھے تو آئی جی کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ آخر ان کی پولیس سے کیا دشمنی تھی تاہم یہ معلوم ہوا ہے کہ ملزم کامران کی ماں منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ہوچکی ہے اس لئے ہوسکتا ہے کہ یہ پولیس سے حساب برابر کرنے کے لئے یہ وار داتیں کرتے ہوں۔

ملزمان سے تفتیش کرنے والی ٹیم کا کہنا ہے کہ ملزمان نے بتایا ہے کہ انہیں وردی اور پولیس سے شدید نفرت ہے، اس لئے وہ انہیں نشانہ بناتے تھے۔ اس ٹیم کے ایک افسر نے بتایا کہ ملزمان کی عمر بیس سے پچیس سال ہے اور دونوں زیادہ تعلیم یافتہ نہیں ہیں۔