Saturday, 14 October, 2006, 20:43 GMT 01:43 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
بلوچستان میں خضدار کے قریب نا معلوم افراد نے تراویح کے دوران فائرنگ کرکے ایک ہی قبیلے کے چھ افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
خضدار کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس پرویز ظہور نے بتایا ہے کہ یہ حملہ دو قبائل کے مابین پرانی دشمنی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نا معلوم افراد نے تحصیل زہری کے قریب ایک مسجد پر اس وقت فائرنگ کر دی جب وہاں جمال زئی قبیلے کے لوگ تراویح پڑھ رہے تھے۔
اس حملے میں جمال زئی قبیلے کے چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے۔
ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ دونوں قبیلے زہری قبیلے کی زیلی شاخیں ہیں۔
پرویز ظہور نے کہا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت ہو گئی ہے اور پولیس ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔
دونوں قبائل کے مابین کوئی چھ ماہ پہلے بھی لڑائی ہوئی تھی جس میں ایک نائب ناظم ہلاک ہو گئے تھے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ دونوں قبیلوں کے مابین کافی عرصہ سے کشیدگی پائی جاتی ہے۔