Thursday, 28 September, 2006, 14:57 GMT 19:57 PST
عدنان عادل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان کے وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ نے کہا ہے کہ امریکہ میں صدر جنرل پرویز مشرف کے دورہ کے دوران صدر بش نے وزیرستان میں کیے گئے معاہدہ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اسے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
اسلام آباد چیمبرز آف کامرس کی ایک تقریب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیرستان معاہدہ پر عالمی سطح پر کی جانے والی تنقید بےجا ہے۔
آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ وزیرستان میں حالیہ چند ہلاکتوں کے واقعات کو اس معاہدہ کی خلاف ورزی نہیں کہا جاسکتا کیونکہ وہاں کے حالات میں یہ معمول کی بات ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں یہ معاہدہ طویل المعیاد امن کی ضمانت ہوگا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیرستان میں سیاسی ایجنٹوں کے اختیارات کو محدود نہیں کیا جا رہا اور وہ بدستور اپنے کام کرتے رہیں گے۔
آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ وزیرستان میں لیویز اور ملکوں کو امن و امان قائم رکھنے کے لیے خصوصی تربیت دی جارہی ہے۔