http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 24 September, 2006, 08:36 GMT 13:36 PST

جنرل مشرف کا میڈیکل چیک اپ

صدر پرویز مشرف مشرقی ٹیکساس کے قصبے پیرس کے ایک غیراعلانیہ دورے پر ہیں جہاں انہوں نے میڈیکل چیک اپ کرایا ہے۔

پیرس ریجنل میڈیکل سنٹر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جنرل مشرف کی صحت ’کافی اچھی‘ ہے۔ صدر مشرف کی عمر تریسٹھ سال ہے۔

صدر مشرف امریکی صدر جارج بش سے ملاقات کے بعد ٹیکساس گئے جہاں اطلاعات کے مطابق ان کے کسی ڈاکٹر دوست نے مشورہ دیا کہ وہ چیک اپ کرالیں۔

چیک اپ کے بعد امریکہ میں پاکستانی سفیر محمود علی درانی نے خبررساں ادارے اے پی کو بتایا: ’وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ وہ ایک گھوڑے کی طرح تندرست ہیں۔‘

پیرس کے دورے کے لیے صدر مشرف کے ارد گرد سکیورٹی کافی سخت تھی۔ مقامی اخبار پیرس نیوز کے مطابق جب پاکستانی صدر ڈلاس سے پیرس پہنچے تو ان کے کارواں میں انتیس گاڑیاں تھیں۔

پیرس کے ہسپتال میں جب انہیں چیک اپ کے لیے لایا گیا تو کم ہی لوگوں کو رسائی حاصل تھی اور ٹیکساس کی حکومت نے محافظ تعینات کیے ہوئے تھے۔

پیرس میں صدر مشرف اپنے ڈاکٹر دوست سے ملنے گئے ہیں لیکن سکیورٹی کے انتظامات کی تحت ان کے ڈاکٹر دوست کا نام نہ ظاہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔