http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 21 September, 2006, 11:48 GMT 16:48 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

ٹھٹہ کے قریب بس حادثہ، نو ہلاک

ٹھٹہ کے قریبی علاقےمکلی میں ایک بس کے پانی کےگڑھے میں گرنے سے سات خواتین اور دو بچے ہلاک جبکہ چالیس زخمی ہوگئے ہیں۔

کراچی سے ڈیڑھ سو کلومیٹر دور یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب جنگ شاہی سے ٹھٹہ جانے والی ایک مسافر بس مکلی بخاری کے پاس برساتی پانی کے ایک گڑھے میں گرگئی۔ بس کے گڑھے میں گرنے سے سات خواتین اور دو بچے ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔

مسافروں کی ایک بڑی تعداد پانی میں گرگئی جن میں سے بعد میں سات افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔ زخمیوں کو سول ہسپتال ٹھٹہ پہنچایا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق کچھ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے جب کہ تین کی حالت تشویشناک ہے۔

زخمی مسافروں کا کہنا ہے کہ بس میں خرابی تھی ان لوگوں نے بار بار ڈرائیور کو گاڑی روکنے کے لیئے کہا مگر اس نے بات نہ مانی اور حادثہ پیش آگیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ گاڑی کی ایکسل ٹوٹنے سے پیش آیا ہے۔