http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 18 September, 2006, 16:31 GMT 21:31 PST

ذیشان حیدر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

’مشرف کو امریکہ کی منظوری چاہیے‘

ایم ایم اے کے رہنما حافظ حسین احمد کا کہنا ہے کہ صدر مشرف حدود آرڈیننس کے ترامیمی بل کی منظوری امریکہ سے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے یہ بیان قومی اسمبلی کے اجلاس کے غیر معینہ مدت کے لیئے التواء کے بعد پارلیمنٹ کیفے ٹیریا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے کا موقف رہا ہے کہ اس بل کا مقصد خواتین کے حقوق کا تحفظ نہیں بلکہ اسے امریکہ کو خوش کرنے کے لیئے سامنے لایا گیا ہے اور آج اجلاس کے التواء سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی کوشش کر رہا ہے۔

اس سوال پر کہ کیا ایم ایم اے نے حدود بل پر حکومت کا ساتھ دے کر نواب اکبر بگٹی کے قتل کا معاملہ دبانے میں ’فرینڈلی اپوزیشن” کا کردار ادا نہیں کیا، حافظ حسین احمد نے کہا کہ اگرحکومت نے ایسی کوئی کوشش کی بھی تو وہ ناکام ہوئی ہے کیونکہ اپوزیشن جماعتیں آج بھی اپنے ایجنڈے پر متفق ہیں۔

وفاقی وزیرِ قانون وصی ظفرنے اجلاس ملتوی ہونے کے بعد اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اجلاس کے ملتوی ہونے کے بعد سلیکٹ کمیٹی کا وجود ختم ہو چکا ہے اور اب اس کی بحالی کے دو ہی طریقے ہیں، ایک تو یہ کہ سپیکر قومی اسمبلی اس کے احیاء کی رولنگ دیں یا ایک نئی سلیکٹ کمیٹی تشکیل دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حدود آرڈیننس کا ترمیمی بل ختم نہیں ہوا اور اسے اس ماہ کے اواخر یا آئندہ ماہ پیش کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحفظِ حقوقِ نسواں بل کو سیاسی اور مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی گئی اور اس سلسلے میں متحدہ مجلس عمل نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

یاد رہے کہ پیر کی صبح ہی مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے بھی ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ تحفظِ حقوق نسواں بل کو اسمبلی میں پیش کرنے میں مزید دو ہفتوں کی تاخیر ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو بل پیش کرنے کی کوئی جلدی نہیں اور وہ اس سلسلے میں تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے درمیان بل پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیئے وقت درکار ہے اور اس کے علاوہ حکومت کی حلیف جماعتوں کے بھی اس بل پر کچھ تحفظات ہیں جنہیں دور کرنا ضروری ہے۔