Sunday, 17 September, 2006, 21:01 GMT 02:01 PST
رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
گورنر سرحد علی محمد جان اورکزئی کو اچانک امریکہ طلب کرلیا گیا ہے۔
پشاور میں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اتوار کی رات اسلام آباد سے نیو یارک کےلیئے روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ صدر پرویز مشرف کی امریکی حکام سے ملاقاتوں کے دوران وزیرستان میں مقامی طالبان کے ساتھ طے پانے والے امن معاہدے پر ان کی معاونت کریں گے۔
پاکستان کا طالبان کے ساتھ ہونے والے اس امن معاہدے کو بیرونی دنیا میں بڑی اہمیت دی جارہی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ گورنر سرحد صدر مشرف کے ساتھ امریکہ جانے والے وفد میں پہلے سے شامل تھے تاہم بعض سرکاری مصروفیات کے باعث وہ وفد کے ساتھ روانہ نہیں ہوسکے تھے۔
علی محمد جان اورکزئی اس سے پہلے صدر پرویز مشرف کے حالیہ دورہ افغانستان میں بھی ان کے ہمراہ تھے۔
صدر مشرف کیوبا کے دارا لحکومت ہوانا میں غیر وابستہ ممالک کی تنظیم (نیم) میں شرکت کے بعد اتوار کے روز نیویاک پہنچ گئے ہیں۔ وہ اپنے دورے کے دوران امریکی صدر جارج ڈبلیو بش، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان اور دیگر اہم امریکی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔اس دس روزہ طویل دورے میں صدر مشرف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھی خطاب کریں گے۔