Wednesday, 13 September, 2006, 12:38 GMT 17:38 PST
پاکستان کے وزیر اعظم شوکت عزیز جو کہ آج کل افغانستان کے صدر حامد کرزئی سے بات چیت کے لیے افغانستان کے دورے پر ہیں پاکستان اور افغانستان کے درمیان رابطے کا کام دینے والی اہم شاہراہ کا دوبارہ افتتاح کریں گے۔
جلال آباد سے طورخم جانے والی دو سو چوبیس کلو میٹر لمبی یہ سڑک افغان تاجروں کے لیے بہت اہم ہے۔ ان تاجروں کو اس سڑک پر کئی سالوں سے مرمت کا کام جاری ہونے کے باعث اپنے سفر میں کئی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ٹریفک آپریٹروں کے مطابق اب اس سڑک پر سفر کرنے والوں کو موجود آٹھ گھنٹوں کی بجائے صرف چار گھنٹے کا وقت لگے گا۔
پچھلے چند برسوں میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کافی کشیدہ رہے ہیں جن کی وجہ کابل کی طرف سے کی جانے والی یہ الزام تراشی تھی کہ پاکستان ان طالبان مزاحمت کاروں سے مقابلہ کرنے میں کامیاب نہیں رہا جو کہ اس کی سرحد کے پار دیہاتوں میں پناہ حاصل کیے ہوئے ہیں۔