Wednesday, 06 September, 2006, 18:53 GMT 23:53 PST
رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور
پاکستان پیپلز پارٹی پارلمینٹرین صوبہ سرحد نے بلوچ قوم پرست رہنما نواب اکبر خان بگٹی کے قتل کے خلاف بدھ کے روز پشاور میں ایک ریلی کا انعقاد کیا۔
ریلی کا اہتمام پی پی پی ضلع پشاور نے کیا تھا جس میں پشاور کے علاوہ نوشہرہ اورچارسدہ کے اضلاع سے پارٹی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر مشرف اور حکومت مخالف نعرے درج تھے۔
ریلی کے شرکاء صوبائی صدر رحیم داد خان کی قیادت میں نیو رام پورہ گیٹ سے روانہ ہوئے اور جنرل پرویز مشرف اور حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے چوک شہیدان پہنچے جہاں پر ریلی نے جلسے کی شکل اختیار کی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر رحیم داد خان نے کہا کہ ظالم حکمرانوں نے ایک مرتبہ پھر 71 جیسے حالات پیدا کردیئے ہیں اور ملک کو شدید خطرات سے دوچار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف قوم کو دھوکہ دے رہا ہے اور بیرونی طاقتوں کے مفادات کے لیئے کام کررہےہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت ہی واحد سیاسی قوت ہے جو ملک کو فوجی جرنیلوں سے بچا سکتی ہے۔
پی پی پی پشاور ڈویژن کے صدر اور رکن صوبائی اسمبلی سید ظاہر علی شاہ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے اور جنرل مشرف امریکی مفادات کے لیئے کام کررہے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی جرنیلوں نے نہایت بے دردی سے اکبر بگٹی کو ہلاک کیاہے لیکن غاصب جرنیل سن لیں کہ ان کا حساب لیا جائے گا۔
پی پی پی کہ صوبائی رہنما سید قمر عباس نے کہا کہ اکبر بگٹی کی شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ آمر جرنیل ملک کو توڑنا چاہتے ہیں لیکن ملک کے محب وطن شہری اس ملک کی حفاظت کرینگے۔ریلی سے نجم الدین خان ، ارباب عالمگیر اور لیاقت شباب نے بھی خطاب کیا۔