Sunday, 03 September, 2006, 11:34 GMT 16:34 PST
علی سلمان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان میں پنجاب کے مختلف شہروں میں چھتیس گھنٹوں کی مسلسل بارش کے نتیجے میں کم از کم بیس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
لاہور گوجرانوالہ اور اردگرد کے چند شہروں میں بارش کا زور ٹوٹ گیا ہے لیکن بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی کا سلسلہ ابھی جاری ہے محکمہ موسمیات نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے۔
ٹاؤن شپ میں اتوار کی صبح ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک لڑکا ہلاک ہوگیا۔ سنیچر کو بھی لاہور میں اسی نوعیت کی چار ہلاکتیں ہوئی تھیں جن میں سے تین بچے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔
گوجرانوالہ اور اس کے گردونواح میں چھت گرنے کےمختلف واقعات میں چار افراد ہلاک ہوئےہیں۔ فیروز والہ، شیخوپورہ،رینالہ خورد،اور اوکاڑہ سے بھی مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی اطلاعات ملی ہیں۔
![]() | |
| لاہور گوجرانوالہ میں بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا |
لاہور میں کئی سڑکوں پر اب بھی پانی کھڑا ہے جس سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہورہے ہیں کئی سڑکوں کی حالت خراب ہوچکی ہے۔ بارش کی وجہ سے مختلف شہروں میں بجلی بھی آتی جاتی رہی۔
لاہورمیں محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادر آباد کے مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ہے پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔
پنجاب میں بہنے والے چار دریاؤں ، چناب، راوی، بیاس اور ستلج کے بالائی علاقوں اور شمالی و شمال مشرقی پنجاب میں الگ الگ مقامات پر بارش کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔