Tuesday, 29 August, 2006, 10:20 GMT 15:20 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
سندھ میں ایک صحافی پر تشدد کے بعد اس کی مونچھیں اور بھنویں مونڈ دی گئیں۔
صحافی کا کہنا ہے کہ سندھ کے وزیر اعلی کے مشیر جادم منگریو کے بھائی قاسم منگریو کے حکم پر ان پر یہ تشدد کیا گیا ہے۔
عمرکوٹ کے صحافی عمر سومرو کا کہنا ہے کہ مقامی مسائل پر خبروں کی اشاعت پر یونین کونسل ناظم علی بخش منگریو جو صوبائی مشیر کے بھائی ہیں ان سے ناراض ہوگئے تھے اور انہیں دھمکیاں دی گئیں تھی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنے گھر سے باہر جا رہے تھے کہ مسلح افراد نے انہیں اغوا کرلیا اور جیپ میں ایک پیٹرول پمپ پر لے گئے جہاں ان سے مار پیٹ کی گئی اور بعد میں ان کی مونچھیں، بھنویں اور سر مونڈ دیا گیا۔
عمر سومرو کے مطابق تشدد میں میں وہ بے ہوش ہوگئے، جب ہوش آیا تو خود کو شہر کے بس سٹینڈ پر پایا۔
مقامی صحافیوں کا کہنا ہے کہ صوبائی مشیر کی وجہ سے پولیس نے ان کا مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا ہے۔
ان سے سوال کیا گیا کہ ٹی وی چینل پر بھی اس صحافی کو دکھایا گیا ہے، تو ان کا کہنا تھا میں معلوم کرتا ہوں اور اس کے بعد دیکھیں گے کہ کیا معاملہ ہے۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صحافی ’ان کا بچہ ہے معاملات طے ہوجائیں گے۔‘