Monday, 28 August, 2006, 10:56 GMT 15:56 PST
ایوب ترین
بی بی سی پشتو سروس، کوئٹہ
بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پیرکو شروع ہونے کے چند منٹ بعد ہی ملتوی کردیاگیا ہے۔
اجلاس کی صدارت ڈپٹی سپیکر محمد اسلم بھوتانی کر رہے تھے۔ اجلاس شروع ہونے کے فورًا بعد حزب اختلاف کے رکن اور سابق صوبائی وزیر داخلہ سردار ثناء اللہ زہری کھڑے ہوئے اور کہا کہ نواب محمد اکبر بگٹی کی ہلا کت سے بلوچستان کے لوگ یتیم ہو چکے ہیں اور اکبر بگٹی کے ایصال ثواب کے لیئے فاتحہ خوانی کی جائے۔
اس دوران ایوان میں حزب اختلاف کے دس ارکان جبکہ مسلم لیگ کے ایک رکن حیدر جمالی موجود تھے جبکہ متحد مجلس عمل (ایم ایم اے) کا کوئی رکن ایوان میں موجود نہیں تھا۔
فاتحہ کے فوراً بعد ثناءاللہ زہری نے پوائنٹ آف آرڈر پر کھڑے ہوکر پاکستان کی مرکزی حکومت اور فوج کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہو ئے کہا کہ نواب اکبر بگٹی کو ایک منصوبے کے تحت ماراگیا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ نواب بگٹی کے خلاف جو اسلحہ استعمال کیا گیا وہ امریکہ نے پاکستان کوعالمی دہشت گردی کے لیئے دیا تھا۔
اس موقع پر ارکان اسمبلی کی اکثریت نے متحدہ مجلس عمل کے اراکین کی غیرحاضری کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ متحدہ مجلس عمل نے ہمیشہ کی طرح آج بھی دوغلے پن کا مظاہرہ کیا ہے کیونکہ ایک طرف ایم ایم اے کی مرکزی قیادت نواب بگٹی کی ہلاکت کے بعدصوبے میں حکومت سے علیحٰدگی کی باتیں کررہی ہے تو دوسری جانب ان کے وزراء اپنی نوکریوں کی خاطر ایوان میں نہیں آئے ہیں۔
ایوان میں نواب اکبر بگٹی کی ہلاکت کے خلاف حزب اختلاف کے ارکان کی جانب سے گرماگرم بحث جاری تھی کہ اچانک ڈپٹی سپیکرنے سیکریٹری اسمبلی سےصلاح ومشورہ کے بعد اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کےلیئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا جس پر حزب اختلاف نے شدید احتجاج کیا۔
حزب اختلاف کے اراکین کا کہنا تھا کہ بلوچـستان کی موجودہ صورتحال پر بحث کے لیئے اسمبلی کا اجلاس جاری رکھا جائے تاہم سپیکر نےگورنر بلوچستان کا حکم پڑھ کر سنایا اور اجلاس غیر معینہ مدت تک کےلیئے ملتوی کردیا۔ اس دوران حزب اختلاف کےارکان ’نواب بگٹی کو سرخ سلام سرخ سلام‘ کے نعرے لگاتے ہوئے ایوان سے باہر چلے گئے۔
اسمبلی کے اجلاس میں ایم ایم اے کی عد م شرکت کی وضاحت کرنے ہوئے حکومت بلوچستان کےسینئر وزیر مولانا عبدالواسع کا کہنا تھا کہ کچھ ارکان تو شہر سے باہر ہیں اور باقی کوئٹہ شہر کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے ہیں۔