http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 27 August, 2006, 11:31 GMT 16:31 PST

علی سلمان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور

کوئٹہ کے لیئے ٹرین سروس معطل

پاکستان میں ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے ریل کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے اور صبح سے چھ ٹرینیں معمول کے مطابق نہیں چل سکیں۔

ایک ریلوے اہلکار نے بتایا کہ ’بلوچستان کے علاقے سریابہ میں ریلوے املاک کے پاس مظاہرہ ہوا اور توڑ پھوڑ ہوئی جس کے بعد سبی سے کوئٹہ کے درمیان کا سفر غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا گیا ہے‘۔

لاہور سے جانے والی دو، کراچی اور راولپنڈی سے جانے والی ایک ایک ٹرین سبی پر روک دی گئی ہے جس سے ہزاروں مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

ریلوے انتظامیہ کے مطابق کوئٹہ سے دو ٹرینوں کو روانہ ہونا تھا لیکن اب ان کی سروس معطل کر دی گئی ہے۔

ریلوے انتظامیہ نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ ٹرینوں کی آمد و رفت کب تک بحال ہو سکے گی۔

بلوچستان میں چند ماہ قبل ’فوجی آپریشن‘ کے بعد سے کوئٹہ سے ملک کے دوسرے حصوں میں چلنے والی ٹرینوں پر حملے اور کئی مقامات پر ٹرینوں کی پٹریاں بھی اکھاڑی گئی تھیں حکومتی ادارے ان حملوں کے الزامات بعض بلوچ قوم پرست جماعتوں کے کارکنوں پر لگاتی رہی ہیں۔