Saturday, 26 August, 2006, 11:26 GMT 16:26 PST
دلاورخان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ڈیرہ اسماعیل خان
پاکستان کے قبائلی علاقہ شمالی وزیرستان میں پولٹیکل انتظامیہ نے مزید دس قیدیوں کو رہا کرکے گرینڈ جرگے کے حوالے کردیا ہے۔ ان افراد کو پاکستانی فوج نےایک کارروائی کے دوران میرانشاہ کے مضافاتی علاقے دتہ خیل اور شوال سے گرفتار کیا تھا۔
یہ رہائی مقامی طالبان کی طرف سے فائربندی میں پندرہ دن کی توسیع کے اعلان کے بعد عمل میں آئی۔ طالبان کے اعلان کے بعد گرینڈ جرگے نے طالبان کے دس ساتھیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ گرینڈ جرگہ ایک مہینے سے زیاد عرصہ میں ایک سو سے زیادہ قیدیوں کو رہا کرچکا ہے اور کئی چیک پوسٹوں کو بھی ہٹا دیا گیا ہے لیکن طالبان کی جانب صرف فائربندی کے اعلانات کو حکومت ایک بڑی کامیابی قرار دے رہی ہے۔