Saturday, 26 August, 2006, 13:26 GMT 18:26 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
صوبہ بلوچستان کے شہر کوہلو کے قریب نامعلوم افراد نے بجلی کے دو کھمبوں کو دھماکوں سے تباہ کر دیا ہے جبکہ سوئی میں گیس کے کنویں کے قریب گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا گیا ہے۔
کوہلو کے ضلعی ناظم انجنیئر علی گل مری نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان سے بارکھان کے راستہ کوہلو آنے والی بجلی کے دو کھمبوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے بعد کوہلو کو بجلی کی ترسیل منقطع ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند ماہ پہلے اس طرح کے دھماکے معمول سے ہو رہے تھے جس کے بعد کچھ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس گرفتاری کی بعد بجلی کے کھمبوں پر حملے رک گئے تھے اب پھر یہ دھماکے ہوئے ہیں جن کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقہ سوئی میں گیس کے چھ نمبر کنویں کے قریب گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑایا گیا ہے۔ سوئی پولیس نے اس دھماکے کے بارے میں لا علمی کا اظہار کیا ہے جبکہ بلوچستان حکومت کے ترجمان رازق بگٹی نے کہا ہے کہ نامعلوم افراد نے کنویں سے پلانٹ کی طرف جانے والی تیرہ انچ قطر کی پائپ لائن کو دھماکے سے اڑایا ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان حکومت نے ڈیرہ بگٹی اور چاغی ضلع کو اے ایریا قرار دیا ہے۔ بلوچستان میں بی ایریا لیویز کے زیر کنٹرول ہے اور اے ایریا پولیس کے زیر انتظام ہوتا ہے۔ اب حکومت بی ایریا کو اے ایریا میں تبدیل کرکے پولیس کے کنٹرول میں دے رہی ہے۔ بلوچ پشتون قوم پرست جماعتوں کے علاوہ مجلس عمل کے قائدین اس فیصلے کے خلاف ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پولیس کی نسبت لیویز کے علاقوں میں جرائم کی شرح کہیں کم ہے۔